Observing the diffusion of liquids 9th class, lab activity 5

سرگرمی :5

مائعات میں پھیلاؤ (Diffusion) کا مشاہدہ

اکتسابی محاصل (Learning Outcomes)

متعلم:وضاحت کرتا ہے کہ مائعات بھی گیسوں کی طرح ایک دوسرے میں پھیل جاتے ہیں۔

وضاحت کرتا ہے کہ مائعات میں پھیلاؤ گیسوں کے مقابلے میں سست لیکن ٹھوس مادوں کے مقابلے میں تیز ہوتا ہے۔

مقصد (Aim)

مائعات کے ایک دوسرے میں پھیلنے کا مشاہدہ کرنا اور مائعات میں پھیلاؤ (Diffusion) کے تصور کو سمجھنا۔

درکااشیاء  (Material Required)

250 ملی لیٹر گول پیندے والا فلاسک (Round-bottomed Flask)’  پانی (فلاسک کا دو تہائی حصہ) ‘ ڈراپر ‘ نیلی یا سرخ سیاہی ‘ پوٹاشیم پرمینگنیٹ (KMnO₄) کا محلول

تعارف (Introduction)

پھیلاؤ (Diffusion) وہ عمل ہے جس میں مادّے کے ذرات زیادہ ارتکاز (Concentration) والی جگہ سے کم ارتکاز والی جگہ کی طرف حرکت کرتے ہیں۔ یہ عمل گیسوں، مائعات اور حتیٰ کہ ٹھوس مادّوں میں بھی ہوتا ہے، لیکن مختلف حالتوں میں اس کی رفتار مختلف ہوتی ہے۔

طریقۂ کار (Procedure)

1. 250 ملی لیٹر کا ایک گول پیندے والا فلاسک لیں اور اسے دو تہائی پانی سے بھر دیں۔

2. ڈراپر کی مدد سے احتیاط کے ساتھ فلاسک کی اندرونی دیوار کے ساتھ نیلی یا سرخ سیاہی (یا پوٹاشیم پرمینگنیٹ کے محلول) کے چند قطرے ڈالیں۔

3. مشاہدہ کریں کہ سیاہی یا KMnO₄ کا محلول فلاسک میں ڈالنے کے بعد کیا ہوتا ہے۔

4. نوٹ کریں کہ وقت گزرنے کے ساتھ رنگ پانی میں کس طرح پھیلتا ہے۔

5. رنگ کے پورے پانی میں یکساں طور پر پھیلنے میں لگنے والے وقت کو ریکارڈ کریں۔

مشاہدات (Observations)

1. ابتدا میں سیاہی یا پوٹاشیم پرمینگنیٹ (KMnO₄) کا محلول پانی میں ایک مرتکز (Concentrated) دھبہ بناتا ہے۔

2. آہستہ آہستہ رنگ پورے پانی میں پھیل جاتا ہے اور سارا محلول یکساں رنگ کا ہو جاتا ہے۔

3. گرم پانی میں پھیلاؤ (Diffusion) کا عمل ٹھنڈے پانی کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے ہوتا ہے۔

نتیجہ (Conclusion)

1. شامل کیے گئے مائع کے سالمات (Molecules) پھیلاؤ کے عمل کے ذریعے حرکت کرتے ہوئے پورے پانی میں پھیل جاتے ہیں۔

2. مائعات میں پھیلاؤ گیسوں کے مقابلے میں سست ہوتا ہے کیونکہ مائع کے سالمات ایک دوسرے کے زیادہ قریب ہوتے ہیں اور ان کے درمیان باہمی کشش نسبتاً زیادہ ہوتی ہے۔

اعلیٰ سطحی فکری سوالات (Higher Order Thinking Questions)

1. اگر پانی کا درجۂ حرارت بڑھا یا کم کر دیا جائے تو پھیلاؤ کی رفتار میں کیا تبدیلی آئے گی؟ ایسا کیوں ہوتا ہے؟

جواب:درجۂ حرارت بڑھانے سے پھیلاؤ کی رفتار بڑھ جائے گی کیونکہ سالمات زیادہ حرکی توانائی حاصل کر کے تیزی سے حرکت کرتے ہیں۔ درجۂ حرارت کم کرنے سے سالمات کی حرکت سست ہو جاتی ہے، لہٰذا پھیلاؤ کی رفتار بھی کم ہو جاتی ہے۔

2. آپ کے خیال میں اگر اس تجربے میں پانی کی بجائے زیادہ گاڑھا مائع (جیسے شہد) استعمال کیا جائے تو کیا ہوگا؟ کیا پھیلاؤ کی رفتار یکساں رہے گی؟ کیوں یا کیوں نہیں؟

جواب:اگر پانی کی جگہ شہد جیسا گاڑھا مائع استعمال کیا جائے تو پھیلاؤ کی رفتار بہت کم ہو جائے گی۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ شہد کے سالمات زیادہ قریب اور مضبوطی سے جڑے ہوتے ہیں، جس سے ذرات کی حرکت محدود ہو جاتی ہے اور پھیلاؤ سست رفتار سے ہوتا ہے۔

Post Comment

You May Have Missed