Observing the diffusion of gases-9th class
سرگرمی :4
گیسوں کے پھیلاؤ (Diffusion) کا مشاہدہ
اکتسابی محاصل (Learning Outcomes)
طالب علم:پھیلاؤ (Diffusion) کی وضاحت کرتا ہے۔
مقصد (Aim)
گیسوں (ہوا) میں پھیلاؤ (Diffusion) کا مشاہدہ کرنا۔
درکار اشیاء (Material Required)
- اگربتی (Incense Stick) ‘ ماچس
تعارف (Introduction)
پھیلاؤ (Diffusion) وہ عمل ہے جس میں کسی مادّے کے ذرات زیادہ ارتکاز (Higher Concentration) والے مقام سے کم ارتکاز (Lower Concentration) والے مقام کی طرف پھیل جاتے ہیں۔
پھیلاؤ کی رفتار مختلف عوامل پر منحصر ہوتی ہے، جیسے:
- درجۂ حرارت
- سالماتی کمیت (Molecular Mass)
- ذریعہ (Medium) مثلاً ہوا یا مائع
اس تجربے میں اگربتی سے خوشبو کے ذرات ہوا میں خارج ہوں گے اور ہم مشاہدہ کریں گے کہ یہ خوشبو کس طرح ہوا میں پھیلتی ہے۔
احتیاطی تدابیر (Precautions)
- 1.تجربہ ایسی جگہ انجام دیں جہاں ہوا کا بہاؤ کم ہو۔ مشاہدے کے دوران کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں تاکہ نتائج زیادہ درست ہوں۔
- 2.اگربتی جلاتے وقت احتیاط کریں تاکہ کسی قسم کا حادثہ پیش نہ آئے۔
طریقۂ کار (Procedure)
1.اپنے دوست سے کہیں کہ وہ ایک بغیر جلائی ہوئی اگربتی لے کر کمرے کے ایک کونے میں کھڑا ہو جائے۔
2.آپ خود کمرے کے دوسرے کونے میں جا کر کھڑے ہو جائیں۔
3.اب اپنے دوست سے کہیں کہ وہ اگربتی جلا دے۔
مشاہدات (Observations)
1.چند سیکنڈ بعد آپ کمرے میں اگربتی کی خوشبو محسوس کرنے لگیں گے۔
نتیجہ (Conclusion)
1.جلائی ہوئی اگربتی کی خوشبو ہوا میں پھیل جاتی ہے اور کمرے کے دور دراز حصوں تک پہنچ جاتی ہے۔
یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ گیسوں کے ذرات مسلسل حرکت کرتے رہتے ہیں اور زیادہ ارتکاز والے مقام سے کم ارتکاز والے مقام کی طرف پھیلتے ہیں۔ اس عمل کو پھیلاؤ (Diffusion) کہتے ہیں۔
اعلیٰ سطحی فکری سوالات (Higher Order Thinking Questions)
1.اگربتی کی خوشبو پورے کمرے میں کیوں پھیل جاتی ہے؟ کون سے عوامل اس کے پھیلنے کی رفتار کو متاثر کر سکتے ہیں؟
جواب:
اگربتی کی خوشبو کے ذرات ہوا میں مسلسل حرکت کرتے ہیں اور زیادہ ارتکاز والے مقام سے کم ارتکاز والے مقام کی طرف پھیل جاتے ہیں، اسی لیے خوشبو پورے کمرے میں محسوس ہوتی ہے۔
خوشبو کے پھیلنے کی رفتار کو متاثر کرنے والے عوامل:
- درجۂ حرارت ‘ ہوا کی رفتار ‘کمرے کا حجم ‘خوشبو کے ذرات کی کمیت (Mass) ‘ہوا میں نمی (Humidity)
2.اگر یہی تجربہ ایک بند کمرے اور ایک کھلی کھڑکی والے کمرے میں کیا جائے تو کیا فرق ہوگا؟ ہوا کی حرکت پھیلاؤ کی رفتار کو کیسے متاثر کرے گی؟
جواب:
- بند کمرے میں خوشبو صرف پھیلاؤ (Diffusion) کے ذریعے آہستہ آہستہ پورے کمرے میں پھیلے گی۔
- کھلی کھڑکی والے کمرے میں ہوا کی حرکت (Air Current) خوشبو کے ذرات کو تیزی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جائے گی، جس سے خوشبو جلدی پھیل جائے گی۔
لہٰذا ہوا کی حرکت پھیلاؤ کی رفتار کو بڑھا دیتی ہے اور خوشبو کم وقت میں زیادہ فاصلے تک پہنچ جاتی ہے۔