Activity 10 class 8th FORCE
سرگرمی 10
کسی جسم کی حرکت کی حالت اور سمت میں تبدیلی پر قوت کا اثر
اکتسابی محاصل
متعلم:
– کسی جسم کی حرکت کی حالت پر قوت کے اثر کی وضاحت کرتا ہے۔
– یہ جاننے کے لیے متبادل سرگرمیاں تجویز کرتا ہے کہ قوت کسی جسم کی حرکت کی حالت اور سمت میں کس طرح تبدیلی پیدا کر سکتی ہے۔
(الف) ساکن گیند پر قوت کا اطلاق
مقصد
فٹ بال کی حرکت کی حالت اور سمت پر قوت کے اثر کا مشاہدہ کرنا۔
درکار مواد
– فٹ بال
– میدان یا ہموار سطح
اصول / نظریہ / قانون
قوت کسی جسم کی رفتار میں اضافہ یا کمی پیدا کرکے اس کی حرکت کی حالت کو تبدیل کر سکتی ہے۔
احتیاطی تدبیر
1. حادثات سے بچنے کے لیے فٹ بال کو کِک مارتے وقت احتیاط کریں۔
طریقۂ کار
1. فٹ بال کو زمین پر رکھیں۔
2. فٹ بال کو کِک ماریں تاکہ اس کی حالت ساکن سے متحرک حالت میں تبدیل ہو جائے۔
3. متحرک فٹ بال کو دوبارہ اسی سمت میں کِک ماریں تاکہ اس کی رفتار میں اضافہ ہو۔
4. گیند کو روکنے یا اس کی سمت تبدیل کرنے کے لیے اپنا ہاتھ یا پاؤں گیند کے سامنے رکھیں۔
مشاہدات
1. جب ہم اپنا ہاتھ یا پاؤں گیند کے سامنے رکھتے ہیں تو فٹ بال ساکن ہو جاتی ہے۔
2. جب متحرک فٹ بال کو اسی سمت میں دوبارہ کِک ماری جاتی ہے تو اس کی رفتار بڑھ جاتی ہے۔
نتیجہ
قوت کا اطلاق کسی جسم کی حرکت کی حالت اور اس کی سمت میں تبدیلی پیدا کر سکتا ہے۔
اعلیٰ سطحی غوروفکر کا سوال
1. اگر مساوی مقدار کی دو قوتیں کسی جسم پر مخالف سمتوں میں عمل کریں تو کیا ہوگا؟
متبادل سرگرمیاں / مزید سیکھنے کے لیے سرگرمیاں
1. ایک ربڑ کے ٹائر کو ڈنڈے کی مدد سے بار بار دھکیلیں۔ ہر بار حرکت کی سمت میں پہلے سے قدرے زیادہ قوت لگائیں اور ٹائر کی حرکت میں ہونے والی تبدیلی کا مشاہدہ کریں۔