Do the gases have a definite shape and a fixed volume
مشغلہ-2
کیا گیسوں کی کوئی مقررہ شکل اور معین حجم ہوتا ہے؟
اکتسابی محاصل (Learning Outcomes)
طالب علم:
- وضاحت کرتا ہے کہ گیسوں کی نہ کوئی مقررہ شکل ہوتی ہے اور نہ ہی معین حجم۔
- شکل اور حجم کی بنیاد پر گیسوں کا ٹھوس اور مائع اجسام سے موازنہ کرتا ہے۔
مقصد (Aim)
سی این جی (Compressed Natural Gas) اور اس کے ذخیرہ کرنے اور منتقل کرنے کے طریقوں کا مشاہدہ کرکے یہ معلوم کرنا کہ آیا گیسوں کی کوئی مقررہ شکل اور معین حجم ہوتا ہے یا نہیں۔
درکار اشیاء؛ (Material Required)
- سی این جی پمپ ،سی این جی سے چلنے والی گاڑی ،مشاہداتی آلات (قلم، نوٹ بک)
تعارف (Introduction)
گیسوں کی نہ کوئی مقررہ شکل ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی معین حجم۔ وہ جس برتن میں رکھی جائیں، اسی کی شکل اختیار کر لیتی ہیں اور دستیاب جگہ کو بھر دیتی ہیں۔
طریقۂ کار (Procedure)
1۔ سی این جی پمپ کا دورہ
- کسی قریبی سی این جی فلنگ اسٹیشن پر جائیں۔
- سی این جی کے ذخیرہ کرنے اور نقل و حمل کے طریقوں کا مشاہدہ کریں اور نوٹ کریں۔
- پمپ کے عملے سے پوچھیں کہ سی این جی کہاں ذخیرہ کی جاتی ہے۔
- مشاہدہ کریں کہ سی این جی عموماً دباؤ (Compression) کے تحت بڑے سلنڈروں یا زیرِ زمین ٹینکوں میں ذخیرہ کی جاتی ہے۔
2۔ سی این جی سے چلنے والی گاڑی کا مشاہدہ
- کسی سی این جی سے چلنے والی گاڑی (جیسے سی این جی کار یا بس) کا مشاہدہ کریں۔
- ذخیرہ کرنے والے ٹینک کو دیکھیں جو عموماً گاڑی کے پچھلے حصے یا نچلے حصے میں نصب ہوتا ہے۔
- ٹینک کی ساخت کا مشاہدہ کریں۔
- یہ عموماً سلنڈر نما (Cylindrical) شکل کا ہوتا ہے اور سی این جی کو زیادہ دباؤ پر محفوظ رکھنے کے لیے بنایا جاتا ہے۔
-
3۔ سی این جی کی منتقلی کے عمل کا مشاہدہ
- مشاہدہ کریں کہ سی این جی پمپ سے گاڑی تک کیسے منتقل کی جاتی ہے۔
- سی این جی ایک نلی (Hose) کے ذریعے گاڑی کے ٹینک میں بھری جاتی ہے۔
- نوٹ کریں کہ سی این جی دباؤ کے تحت منتقل کی جاتی ہے اور اس کے بہاؤ کو والو (Valve) کے نظام کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے۔
مشاہدات (Observations)
1.سی این جی کا حجم اس دباؤ پر منحصر ہوتا ہے جس پر اسے ذخیرہ کیا جاتا ہے۔
دباؤ کے تحت (Compressed State) سی این جی عام فضائی دباؤ کے مقابلے میں بہت کم جگہ گھیرتی ہے۔
2.سی این جی اس برتن کی شکل اختیار کر لیتی ہے جس میں اسے رکھا جاتا ہے۔
چاہے وہ پمپ کے ٹینک میں ہو یا گاڑی کے ذخیرہ کرنے والے سلنڈر میں، سی این جی دستیاب جگہ کو بھر دیتی ہے اور اس کی شکل برتن کی شکل کے مطابق تبدیل ہو جاتی ہے۔
نتیجہ (Conclusion)
1.مندرجہ بالا مشاہدات سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ گیسوں، بشمول سی این جی، کی نہ کوئی مقررہ شکل ہوتی ہے اور نہ ہی کوئی مقررہ حجم۔
2.گیسیں جس برتن میں رکھی جاتی ہیں، اس کی پوری جگہ کو بھر دیتی ہیں اور اسی کے مطابق شکل اور حجم اختیار کر لیتی ہیں۔
اعلیٰ سطحی فکری سوالات (Higher Order Thinking Questions)
1.وضاحت کریں کہ گیسیں ٹھوس اور مائع اجسام کے برعکس پورے برتن میں کیوں پھیل جاتی ہیں؟
2.اگر کسی گیس کو ایک چھوٹے برتن سے بڑے برتن میں منتقل کیا جائے تو اس کی شکل اور حجم پر کیا اثر پڑے گا؟ وضاحت کریں۔
3.درجۂ حرارت گیس کے حجم کو کیسے متاثر کرتا ہے؟ اگر گیس سے بھرا ہوا غبارہ گرم یا ٹھنڈا کیا جائے تو کیا ہوگا؟
اشارہ برائے جواب:
- گرم کرنے پر گیس کے ذرات تیزی سے حرکت کرتے ہیں، جس سے گیس پھیلتی ہے اور غبارہ بڑا ہو جاتا ہے۔
-
ٹھنڈا کرنے پر گیس کے ذرات کی حرکت سست ہو جاتی ہے، جس سے گیس سکڑتی ہے اور غبارہ چھوٹا ہو جاتا ہے۔